اڈپی 9؍اپریل (ایس او نیوز) آج کل کاروباریوں کو لوٹنے کے لئے جعلساز نقلی ڈیمانڈ ڈرافٹس کا استعمال کرنے لگے ہیں۔ تازہ واقعہ میں اڈپی کے ایک مشہور تاجر ڈاکٹر کرسٹوفر ڈیسوزاکو 1,52,500 روپے کا چونا لگایا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مسٹر ڈیسوزا کی اڈپی شہر میں سوزاالیکٹرانکس نامی ایک مشہور دکان ہے۔ اس کے علاوہ ان کی ایک ڈرائی فروٹ کی دکان سوزا کیشیوز نام سے موجود ہے۔ کچھ دن پہلے نریندرا جین اور منیش گاندھی نامی دو افراد ان کے پاس آئے اور 200کلو کاجواور50کلو بادام خریدنے کی بات کی ۔ مول تول کرنے کے بعد وہ لوگ دوبارہ آنے کا کہہ کر چلے گئے۔ پھر کچھ دن بعدنریندرا جین نے ڈیسوزا سے فون پر بات کی اور مال خریدنے کے لئے مناسب قیمت طے کرنے کے بعدسودا پکا کرلیا۔ اس کے بعد مال کی ڈیلیوری لینے کے لئے 1,52,500 روپے کا ڈیمانڈ ڈرافٹ ساتھ لانے کا وعدہ کیا۔لیکن جب مال کی ڈیلیوری کا دن آیا تو اس نے فون کیا کہ اس کی گاڑی خراب ہوگئی ہے اس لئے مال لینے کے لئے وہ کسی اور کی گاڑی اور ساتھ میں ڈی ڈی بھیج رہا ہے۔
جب ٹاٹا ٹویرا KA05 D4175 کار ڈیسوزا کی دکان پر پہنچی تو اس نے ڈی ڈی لے کر مال کی ڈیلیوری دیدی۔ پھر جب ڈرافٹ بینک میں جمع کیا گیا تو وہ نقلی نکلا۔ اس طرح مسٹر ڈیسوزا کو دیڑھ لاکھ سے زائد کا چونا لگ گیا۔ جس کی شکایت انہوں نے پولیس میں کردی ہے ۔ اور پولیس نے انڈین پینل کوڈ کی دفعات468, 420 34 کے تحت معاملہ درج کر لیا ہے۔خبر ہے کہ اس سے پہلے بھی منگلوروکی ایک الیکٹرانک دکان میں اور میسورو میں کیمرہ وغیرہ کی دکانوں میں اس طرح کی دھوکہ دہی کے واقعات ہوچکے ہیں۔